یوم دفاع پر صدر مملکت ، وزیراعظم کا شہدا کو شاندار خراج تحسین

اسلام آباد(24 نیوز)یوم دفاع پاکستان کے موقع پر صدر مملکت ممنون حسین ، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی (president PM shahid) نے شاندار الفاظ میں شہدا کو خراج تحسین پیش کیا۔تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ 6 ستمبر کو اہل پاکستان نے بے مثال قومی اتحاد کا مظاہرہ کیا جو دشمن کی جارحیت کے خلاف مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ دن دفاع وطن کے لیے ہر قسم کے خطرات کے خلاف ہمارا عزم مضبوط کرتا ہے ، آپریشن ردالفساد ملک کے مختلف حصوں میں کامیابی سے جاری ہے۔آپریشن آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا ، دنیا کی کسی قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان جتنی قیمت ادا نہیں کی ہے۔دوسری جانب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستانی افواج نے دہشت گردی کے خلاف دُنیا کا سب سے بڑا اور مشکل معرکہ لڑ کر اپنی پیشہ وارانہ مہارت کا ثبوت دیا ہے۔آپریشن ضربِ عضب، ردالفساد اور خیبر 4 نے دشمن کی کمر توڑ دی ہے، اس دن دنیا کو پیغام دیا پاکستانی قوم کسی بھی جارحیت سےنمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔اس روز پاک فوج نے بےمثال جرأت و بہادری سے دشمن کی آرزوؤں پر پانی پھیر دیا ، ان کا کہنا تھا کہ آج ہم ایک ایٹمی قوت ہیں، ہماری افواج پہلے سے زیادہ تربیت یافتہ اور چوکس ہیں جبکہ ہماری معیشت کا شمار دنیا کی اُبھرتی ہوئی معیشتوں میں ہورہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *