میٹرک کے بچوں کے رزلٹ٬ کہیں خوشیاں تو کہیں غم کا سماں

کراچی……ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے اسکول سرٹیفکیٹ کورس (ایس ایس سی) سائنس گروپ ،جنرل گروپ اور خصوصی طلبہ سال دوم کے سالانہ امتحانات برائے 2017 کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔

نتائج کے مطابق سائنس گروپ کے مذکورہ امتحان میں کلثوم بھائی ولیکا سول ایوی ایشن اتھارٹی ماڈل اسکول ،کالج ایئر پورٹ کے علی ضیا خان نے 93.88فیصد نمبر حاصل کر کے پہلی نمایاں پوزیشن حاصل کی، دی کریسنٹ اکیڈمی کیمپس 1گلشن اقبال بلاک3 کے سید افنان احمد بخاری نے 93.52 نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ پروگرامر اسکول نارتھ کراچی کی لائبہ شہزاد نے 93.41 فیصد نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔اسی طرح جنرل گروپ میں اقرا حفاظ گرلز سیکنڈری اسکول بلاکB نارتھ ناظم آباد کی حافظہ رومیسہ ابرارنے 91.05فیصد نمبر حاصل کر کے پہلی، دوسری پوزیشن بھی اسی اسکول کی صنوبیہ اکرم نے 89.76 فیصد نمبر حاصل کے دوسری جبکہ سٹیزن سیکنڈری اسکول گرلز کیمپس گلشن اقبال باتھ آئی لینڈ کی زوجیجہ نے 89.17 فیصد نمبر حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مزید براں خصوصی طلبہ کی تینوں پوزیشنیں ابسا اسکول ڈی ایچ اے کورنگی روڈ نے حاصل کیں جن میں فاریہ نے 86.70 فیصد نمبر کے ساتھ پہلی، سائرہ اقبال نے 86.35فیصد نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ رمیضہ نے 86.25 فیصد نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔تفصیلات کے مطابق ہومیو پیتھک کالج کے آیٹوریم میں تقریب کے موقع پر پوزیشن حاصل کرنے والے امیدواروں میں کیش ایوارڈ اور سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے گئے جن میں پہلی پوزیشن کو 50 ہزار، دوسری پوزیشن کو 30ہزار اور تیسری پوزیشن کو 20ہزار کے چیک دیئے گئے۔بورڈ کی جانب سے باقاعدہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی سابق وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور اعلیٰ ثانوی تعلیمی کمیشن کے پہلے چیئرمین ڈاکٹر عطاء الرحمن تھے جبکہ چیئرمین میٹرک بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے تقریب کی صدارت کی۔بعد ازاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں 2طلبہ اور 7 طالبات شامل ہیں، جنرل گروپ میں مجموعی طور پر 2طلبہ اور 7 طالبات شامل ہیں، جنرل گروپ میں 23127 امیدوار رجسٹر ڈ ہوئے جن میں سے 23060 امتحانات میں شامل ہوئے، شامل ہونے والوں میں 9346 طلبہ اور 13714 طالبات شامل ہیں، کامیاب ہونے والوں کی تعداد 14055 ہے جن میں 5163 طلبہ اور 8619 طالبات شامل ہیں، کامیابی کا تناسب 60.95رہا، کامیاب امیدواروں میں سے 229 (0.99فیصد) نے اے ون گریڈ، 1436 (6.23فیصد)نے اے گریڈ، 3609(15.65فیصد) نے Bگریڈ، 5234(22.70فیصد) نے Cگریڈ، 3061(13.27فیصد) نے D گریڈ اور 213(0.92فیصد) نے Eگریڈ حاصل کیا، جنرل گروپ سے تینوں پوزیشن طالبات نے حاصل کیں۔ سائنس گروپ میں رجسٹرڈ امیدواروں کی تعداد 155469 رہی جن میں سے 154499امیدوار امتحان میں شریک ہوئے اور 112369امیدواروں کامیاب ہوئے، امتحانات میں کامیاب کا تناسب 72.73 فیصد رہا، رجسٹرڈ امیدواروں میں 85243 طلبہ اور 70226طالبات شامل ہیں، پوزیشن لینے والے طالب علموں میں 2طلبا اور ایک طالبہ شامل ہے، کامیاب ہونے والوں میں 18800(12.17فیصد) طالب علموں نے اے ون گریڈ ، 29118 (18.85فیصد) نے اے گریڈ، 30672 (19.85فیصد) نے Bگریڈ، 23786(15.40فیصد) نے Cگریڈ، 9241 (5.98فیصد) نے Dگریڈ اور 321(0.21 فیصد) نے Eگریڈ حاصل کیا، اسی طرح قوت سماعت و گویائی سے محروم خصوصی امیدواروں نے مذکورہ امتحان میں 94 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کر کے 93 نے کامیابی حاصل کی ،89 نے فرسٹ ڈویژن جبکہ 4نے سیکنڈ ڈویژن حاصل کی، نتائج میں کامیابی کا تناسب 98.93فیصد رہا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *