رحیم یار خان ڈپٹی کمشنر سقراط امان رانا نے کہا ہے کہ یوم آزادی کو بھرپور ملی جوش و جذبے سے منایا جائے

رحیم یار خان(وائس آف سوسائٹی نیوز) ڈپٹی کمشنر سقراط امان رانا نے کہا ہے کہ یوم آزادی کو بھرپور ملی جوش و جذبے سے منایا جائے، شہری گھروں، گلیوں اور بازاروں کو قومی پرچم و جھنڈیوں سے سجائیں جبکہ سرکاری اداروں کے افسران ضلع بھر میں موجود سرکاری عمارات پر برقی قمقموں سے چراغاں کریں، میونسپل کمیٹی کے چیئرمین، چیف آفیسرز اپنی میونسپلٹی حدود میں بڑے کاروباری مراکز، پلازہ، ہاﺅسنگ سوسائٹی میں بھی یوم آزادی کے حوالہ سے سجاوٹ ، قومی پرچموں کی تنصیب سمیت مشترکہ اشتراک سے ملک و قوم سے محبت اور اپنے شہداءسمیت قومی ہیروز کی قربانیوں اور کارناموں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پروگرامز ترتیب دیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمیٹی و ضلع کونسل کے چیئرمینز، سرکاری و نجی اداروں کے افسران ، انجمن تاجران، چیمبر آف کامرس سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات سے یوم آزادی کی تقریبات کے حوالہ سے منعقدہ اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آج ہم جو کچھ بھی ہیں اس پیارے وطن کی بدولت ہیں جس کے حصول کے لئے ہمارے آباﺅاجداد نے بڑی قربانیاں دیں،انہوں نے کہا کہ8اگست سے14اگست تک ضلع بھر میں تمام سرکاری و نجی اداروں کے مشترکہ اشتراک سے مختلف پروگرامز ترتیب دئیے گئے ہیں جن کا مقصد تمام نفرتیں اور تعصب بھلا کر ایک پرچم تلے یکجا ہو کر دشمن قوتوں کو پیغام دینا ہے کہ ہم ایک ہیں۔انہوں نے کہا کہ یوم آزادی تقریبات کے موقع پر ون ویلنگ، سائلنسر کے بغیر موٹر سائیکل چلانے، اسلحہ کی نمائش سمیت ہر قسم کی ہلڑ بازی کی سختی سے ممانعت ہو گی اور ان خرافات کی روک تھام کے لئے ضلع بھر میںدفعہ144کا نفاذ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تمام پروگرام میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت کی ہدایت ہے کہ امسال یوم آزادی کی تقریبات بھر پور قومی جوش و جذبے سے منائی جائیں لہذا تمام ادارے اور کارباری تنظیمیں آزادی تقریبات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔انہوں نے کہا کہ وائلڈ لائف پارک، کینال میلہ ، فوڈ اسٹریٹ ، شجر کاری ، سپورٹس ، تحریری و تقریری مقابلے ، مشاعرہ سمیت دیگر پروگرامز میں عوام کو تحریک آزادی اور استحکام پاکستان کے پیغامات دیئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کی مرکزی تقریب ضلعی ہیڈ کواٹرجبکہ تحصیلوں ، میونسپل کمیٹی اور یونین کونسل سطح پر بھی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔انہوں نے محکمہ پولیس کو مکمل سیکورٹی و ٹریفک پلان تشکیل دینے کی ہدایت کی۔چیئرمین میونسپل کمیٹی رحیم یار خان میاں اعجا ز عامر نے کہا کہ میونسپل کمیٹی یوم آزادی تقریبات میں اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی ۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ز ڈاکٹر عدنان خان بھٹانی، عباس رضا ناصر، احمد رضا، محمد اختر، ریاست علی، ڈی او سپورٹس اشفاق احمد خان، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز سعدیہ رشید سمیت دیگر اداروں کے افسران نے شرکت کی اور مختلف تجاویز پیش کیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *