جہاں بدامنی ہووہاں حکمرا ن کس طرح سوسکتے ہیں۔اشرف بھٹی

ہرشہر اورہرگھر میں صف ماتم بچھی ہے مگر حکمران اقتدار چھوڑنے کیلئے تیار نہیں

لاہور.پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی رہنما محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ جہاں بدامنی کادوردورہ ہووہاں حکمران کس طرح سوسکتے ہیں۔ہرشہر اورہرگھر میں صف ماتم بچھی ہے مگر حکمران اقتدار چھوڑنے کیلئے تیار نہیں۔ملک میں پائیدارامن پاناما لیگ کاایجنڈا نہیں۔حکمران بیرونی دوروں پرجبکہ ملک میں بدامنی کادوردورہ ہے۔میاں نوازشریف کے بے نتیجہ بیرونی دورے ناقابل فہم ہیں۔ شہبازشریف اپنے ماڈل ٹاؤن والے قلعہ نماگھر سے باہر نہیں نکلتے۔ لاہور سمیت پنجاب کے شہراورشہری دہشت گردوں کے رحم وکرم پر ہیں۔پنجاب سمیت چاروں صوبوں کے معصوم شہری شرپسند دہشت گردوں کانشانہ بن رہے ہیں جبکہ حکمرانوں کی کارگزاری بلندبانگ بیانات اورجہازی سائز کے اشتہارات تک محدود ہے ۔وہ خدابخش کالونی میں اپنے ڈیرے پرڈی ایچ اے کے شہداء کی مغفرت کیلئے اجتماعی دعا کی تقریب میں شریک شہریوں سے خطاب کررہے تھے ۔محمداشرف بھٹی نے مزید کہا کہ سرکس کاشیر شرپسندعناصر کامقابلہ اورصفایانہیں کرسکتا ۔ مٹھی بھردہشت گردی طاقتور اورمنظم نہیں لیکن تخت لاہور کے شہنشاہ کمزوراورمنتشر ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں رینجرز آپریشن کی راہ میں جولوگ رکاوٹ تھے ان سے حساب لیا جائے ۔اگر رینجرز کوبروقت آپریشن کی اجازت دے دی گئی ہوتی توآج لاہور سمیت پنجاب میں کشت وخون کابازارگرم نہ ہوتا ۔انہوں نے کہا کہ حکمران بھائی ذاتی پسندناپسند کے تحت فیصلے کرتے ہیں ، یہ دونوں دوراندیش ہیں اورنہ ان میں قومی مفاد کے حامل فیصلے کرنے کی صلاحیت ہے۔اگر سانحہ چیئرنگ کراس مال روڈ،سانحہ سیہون اورسانحہ زیڈبلاک ڈی ایچ اے لاہور سمیت حالیہ سانحات کی شفاف تحقیقات کی جائیں توان میں گھر کے بھیدی کاکردارضروربے نقاب ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *