نوجوانوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے سوا امن کا کوئی بہتر راستہ نہیں: آرمی چیف

سوات/ راولپنڈی (نامہ نگار+ سٹاف رپورٹر) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پائیدار امن اور استحکام کیلئے نوجوانوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی سے بہتر کوئی اور طرزفکر نہیں ہے، تعلیم کے حصول میں قوموںکی ترقی کا راز پوشیدہ ہے، سوات میں قیام امن کو برقرار رکھنے اور امن کا گہوارہ بنانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، سوات کی ترقی کیلئے اقدامات جاری رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کو دورہ سوات کے موقع پر آرمی پبلک سکول اینڈ کالج کانجو گریژن سوات کینٹ کی افتتاحی تقریب میں علاقے کے عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ امن کی بحالی میں سوات کے عوام کا کردار مثالی رہا ہے، عوامی تعاون سے سکیورٹی پر مامور ادارے بھی اپنے فرائض پورے کرتے ہوئے دہشت گردوں کی کمر توڑنے کیلئے مصروف عمل ہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج ملک کی سرحدوں کی محافظ ہے جو اپنے فرائض سے بخوبی آگاہ ہے۔ آرمی کے جوان سروں پر کفن باندھ کر اور جانوںکے نذرانے دے کر سرحدوںکی حفاظت قائم رکھے ہوئے ہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ پائیدار امن اور استحکام کیلئے نوجوانوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی سے بہتر کوئی اور راستہ نہیں ہے۔ بعدازاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اے پی ایس کانجو کے مختلف حصوںکا دورہ بھی کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انتہائی جدید انفراسٹرکچر کے ساتھ 3600 طلباء کی گنجائش کے حامل سکول اینڈ کالج میں کمپیوٹر اور سائنس لیب، آڈیٹوریم اور سپورٹس سٹیڈیم کی سہولیات میسر ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *