نواز شریف کا نظریہ کرپشن ہے،۔ عمران خان

لودھراں (سٹاف رپورٹر) لودھراں میں پارٹی ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور زرداری میں کوئی فرق نہیں ہے، ان کے لوٹنے کا طریقہ مختلف ہے لیکن دونوں کے مقاصد ایک ہی ہیں، مخالفین اللہ کی پکڑ میں آ گئے ہیں اور گرتے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو مخالفین سے نہیں بلکہ اندر کے لوگوں سے ہی خطرہ ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام میں اب شعور آ گیا ہے اور وہ سب سمجھ گئے ہیں، دو نمبر حکمرانوں کی وجہ سے ہی کرپشن ہے، اگر حکمران دو نمبر ہوں گے تو پٹواری اور ایس ایچ او کیسے ایک نمبر ہو گا؟تحریک انصاف کے چیئرمین کارکنوں سے خطاب کے بعد براستہ ہیلی کاپٹر چشتیاں جلسے میں شرکت کے لئے لودھراں سے روانہ ہوئے جہاں اپنے خطاب میں انہوں نے خیبر پختونخوا پولیس کی ڈی آئی خان میں دہشتگردوں کے حملے کو ناکام بنانے کی بھرپور تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پشاور پولیس نے قتل عام ہونے سے بچایا، پولیس کے کمانڈوز فوری پہنچے اور حملہ ناکام بنایا، مجھے خیبر پختونخوا کی پولیس پر فخر ہے، کے پی پولیس پورے پاکستان کیلئے مثال بن چکی، خیبر پختونخوا میں پولیس کا غلط استعمال نہیں کیا جا سکتا۔عمران خان بولے، وعدہ کرتا ہوں پنجاب پولیس کو ٹھیک کر کے دکھائیں گے، آج یہاں ایس ایچ اوز کے تبادلے حمزہ شہباز کرتے ہیں، شہباز شریف کے سامنے آئی جی پنجاب ذاتی نوکر کی طرح بیٹھتے ہیں، پنجاب میں ہم پر جھوٹے مقدمات بنائے گئے، نواز شریف نے ایبٹ آباد جلسے میں کہا کہ نیا خیبر پختونخوا نظر نہیں آ رہا، میں کہتا ہوں، نواز شریف! نیا خیبر پختونخوا یہ ہے کہ آپ نے بلٹ پروف شیشے کے بغیر جلسہ کیا، پنجاب میں آپ بلٹ پروف شیشے کے بغیر تقریر نہیں کر سکتے، نواز شریف کرپشن کا پیسہ بچانے کیلئے ہر کام کر سکتے ہیں، وہ عدلیہ اور فوج کیخلاف ہر قسم کی سازش کیلئے تیار ہیں۔عمران خان نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف کا نظریہ کرپشن ہے، نواز شریف 300 ارب چوری کر کے باہر لے گئے، اس پیسے کو ہم واپس لے کر آئیں گے، نواز شریف کے اتحادیوں کو اپنے پکڑے جانے کی فکر ہے، خواجہ آصف نے دبئی میں اقامہ لیا ہوا ہے، خواجہ آصف بیرون ملک کمپنی سے 16 لاکھ تنخواہ لیتے ہیں، اقامہ منی لانڈرنگ کا ایک طریقہ ہے، منی لانڈرنگ سے ملک کو ڈبل نقصان ہوتا ہے، چیئرمین نیب سے درخواست کرتا ہوں کہ احسن اقبال کے اقامے کی تحقیقات کرائیں، پاکستان کو عظیم ملک بنانے کیلئے میرٹ کا نظام لائیں گے، تمام اداروں میں میرٹ کا نظام لائیں گے، پی آئی اے سفارشی لوگوں کی وجہ سے تباہ ہوئی، ہمیں حکومت لی تو اپنے کسانوں کی مدد کریں گے اور انہیں اوپر اٹھائیں گے، انہیں ایک نمبر کھاد، بیج اور پانی فراہم کریں گے، لوگوں کو اعلیٰ تعلیم دلائیں گے۔عمران خان نے مزید کہا کہ نواز شریف ملک کو فرقہ وارانہ اور صوبائی بنیادوں پر تقسیم کر رہے ہیں مگر ہم نے ملک کو متحد کرنا ہے، تمام صوبوں، زبانوں اور مسالک کے لوگوں کو ایک جھنڈے تلے جمع کریں گے اور ایسا نیا پاکستان بنائیں گے جہاں انصاف اور میرٹ کا نظام ہو گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *